کراچی (نیوزرپورٹر) اٹلی کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل ڈینیلوگوئیرڈانیلانے بدھ کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔دوران ملاقات جامعہ کراچی کے کیمپس میں ہونے والی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں اورجامعہ کراچی کے کیمپس میں ا طالوی زبان کی کلاسز اور مرکز کی بحالی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔اطالوی قونصل جنرل نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو بتایا کہ اطالوی زبان دنیاکی چوتھی سب سے بڑی زبان بن چکی ہے اور ہماری خواہش کے جامعہ کراچی کے طلبہ اطالوی زبان کو سیکھنے اور فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی اور اطالوی جامعات کے مابین باہمی اشتراک کو بھی فروغ دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کے مستقبل کا انحصار تعلیم اوربالخصوص اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری پر ہوتاہے ۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی اور اٹلی کی جامعات کے مابین اشتراک سے اسٹوڈنٹس،فیکلٹی ایکسچینج پروگرام اور مختلف شعبوں میں ڈگری پروگرام ترتیب دینے اور شروع کرنے میں مددملے گی۔ انہوں نے جامعہ کراچی کی مختلف بین الاقوامی جامعات کے ساتھ اشتراک سے متعلق اطالوی قونصل جنرل کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے دنیا کا کوئی ملک یا معاشرہ انکار نہیں کر سکتا، کیوں کہ تعلیم ہی ترقی کا واحد زینہ ہے۔جن اقوام نے تعلیم کو ترجیح دی اور اس پر خرچ کیا آج وہ اس کا پھل کھارہے ہیں۔
قوم کے مستقبل کا انحصار اعلیٰ تعلیم میں سرمایہ کاری پرہے ۔اطالوی قونصل جنرل
Jul 15, 2021