مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی تھی،پہلے عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں ڈالا، اب ان کی نظر آزاد کشمیر پر ہے، عمران خان پر نواز شریف کا نام سن کر ہی کپکپی طاری ہوجاتی ہے، الیکشن میں ہار نظر آنے پر اب انہیں انتخابی اصلاحات یاد آ رہی ہیں،ووٹ چوری کی کوشش کی تو زمین کیا زیر زمین بھی منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ تحصیل بلوچ میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ آزاد کشمیرکے بیٹے نواز شریف کا سلام لائی ہوں، بلوچ والوں نے میرا بہترین استقبال کیا، کشمیر کا نعرہ لگانے سے میری رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں کیوں کہ میری رگوں میں خالصتا کشمیری خون ہے۔میری آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی تھی جس میں عدم حاضری کی درخواست جمع کروائی کیوں کہ بھلے عدالت مجھ سے ناراض ہوجائے لیکن بلوچ والوں سے ملے بغیر پاکستان واپس نہیں جائوں گی۔یہ لوگ نوازشریف سے ڈرتے ہیں، عمران خان کی صبح شام نوازشریف کے نام سے ہوتی ہے، نوازشریف کے خلاف طرح طرح کی سازشیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا نام سنتے ہی ان کے مخالفین اور عمران خان پر کپکی طاری ہوجاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے مضحکہ خیز جرم میں باہر نکال دیا، وزارت عظمی چھین لی، مسلم لیگ (ن)کی صدارت بھی چھین لی، جیلوں میں ڈال دیا، جھوٹے مقدمے بنا دیے، جیل میں قتل کی سازش بھی کی لیکن 3سال بعد آج بھی عمران خان کی صبح اور شام نواز شریف سے ہوتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ روز بجائے اس کے کہ کابینہ کے اجلاسوں میں عوام کی بھلائی کے معاملات پر توجہ دی جائے صرف یہی منصوبہ بندی ہوتی ہے کہ نواز شریف کو کس طرح روکنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انسانی منصوبہ بندی سے نواز شریف کو روکا جاسکتا تو آج نواز شریف کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہوتا لیکن آج 3 سال ہوگئے پاکستان اور آزاد کشمیر میں جہاں جہاں میں گئی، جہاں جہاں انتخابات ہوئے وہاں عوام نے نواز شریف کی آواز پر لبیک کہا۔مریم نواز نے کہا کہ یہ یہاں ایک پیج پر بیٹھے ہیں اور نواز شریف لندن میں ہے اس کے باوجود نواز شریف ہر انتخاب میں انہیں ان کے گھر میں گھس کر مارتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ یہ یاد رکھو کہ اب 1999 کی طرح نواز شریف اکیلا نہیں ہے، اس کی بیٹی اس کی سپاہی بن کر کھڑی ہے، سر توڑ کوششوں کے باوجود نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ(ن)نہیں ٹوٹی کیوں کہ عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تف ہے تمہاری سازشوں، خفیہ کارروائیوں پر، نواز شریف کو وزارت عظمی سے تو نکلوادیا عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔ان کا کہنا تھا کہ نعرہ لگتا ہے کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا لیکن یہ سازش تیار ہورہی ہے۔پہلے کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک کر آگیا اور اب آزاد کشمیر کی پہچان اور تشخص چھیننے کی پوری تیاری ہے، مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب آزاد کشمیر پر نظر ہے۔ان کا کہنا کہ ملک دشمن قوتوں کے لیے پاکستان کی 73سالہ تاریخ میں اس سے سنہری موقع کبھی نہیں آیا انہیں معلوم ہے کہ جو غلط کام کوئی عوامی وزیراعظم نہیں کرے گا وہ کام عمران خان سے کروالو کیوں کہ اس کے پاس نہ جرات نہ شرم ہے نہ پاکستانی اور کشمیری عوام کی محبت ہے، کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینک کر آجاتا ہے اور کہتا ہے کہ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرو۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کی سازش جسے ورلڈ کپ کا نام دیا وہ امریکا میں بیٹھ کر رچائی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی راز جنہیں اصل میں غلطیاں کہنا چاہیے وہ صرف پاکستانی قوم کو معلوم نہیں باقی پوری دنیا کو معلوم ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خبر موصول ہوئی ہے کہ عید سے قبل عوام پر پیٹرول بم گرانے کی کوشش ہورہی ہے ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 11روپے کا اضافہ کرنے کی تیاری ہے، جب پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو بجلی، آٹا، چینی، گیس، ادویات، سبزی سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھتی ہے کیوں کہ تمام اشیائے خورونوش تیل کے مہنگا ہونے سے مہنگی ہوتی ہیں۔انہوں نے طنزیا کہا کہ اس سے پاکستان کے عوام کو تو فرق پڑتا ہے لیکن عمران خان کو تیل کی قیمت بڑھنے سے اس لیے فرق نہیں پڑتا کیوں کہ وہ سائیکل پر اس وزیراعظم دفتر جاتے ہیں جو کہ ایک یونیورسٹی میں قائم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہونے سے فرق اس فرد کو پڑتا ہے جسے اپنے بچوں کو روٹی کھلانی ہے، اسکولوں کی فیس بھرنی ہے، گاڑی یا بائیک میں پیٹرول ڈلوانا ہے گھر میں کوئی بیمار ہو تو اس کی دوا دارو کرنی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ گھر گھر میں ذیابیطس کے مریض موجود ہیں اور 2سے 3روز قبل انسولین کی قیمتوں میں دسویں مرتبہ اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی معیشت تباہ کرنے، غریب کو اور غریب کرنے، لوگوں سے ان کا روزگار چھیننے، کاروبار تباہ کرنے، مریضوں سے ان کی دوائیاں چھیننے کے بعد اب نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبے مثلا موٹرویز، ایئرپورٹس کو گروی رکھنے کی سازش کررہا ہے۔نائب صدر مسلم لیگ(ن ) کنے کہا کہ نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں پر یہ تنقید کرتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں، آج اسی نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکوں یہ گروی رکھ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب آئے گا عمران تو بنے گا نیا پاکستان کی جگہ اب نعرہ ہونا چاہیے کہ جب آیا ہے عمران تو بکے گا سارا پاکستان۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مہنگائی، لاقانونیت، معیشت کی تباہی کے سونامی میں ڈبونے کے بعد اب اس کا ارادہ آزاد کشمیر کو بھی اسی سونامی کی لپیٹ میں لانے کا ہے، پہلے یہ پاکستان کو گروی رکھ کر آگیا تو کوئی پتا نہیں کہ کشمیر میں ووٹ چوری سے اگر حکومت بنائی تو یہاں کے پہاڑوں کو بھی آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ آئے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف صاحب دیکھیں کہ آزاد کشمیر کی وادیوں میں بھی آج ووٹ کو عزت دو کا نعرہ گونج رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ نے نواز شریف کا ساتھ دیا، ووٹ کی عزت کا نعرہ لگایا اسی طرح 25جولائی کو نہ صرف آپ شیر پر مہر لگائیں گے بلکہ ووٹ کو عزت بھی دلا گے۔انہوں نے مسلم لیگ(ن ) ککے حامیوں کو ہدایت کی کہ جب تک پولنگ اسٹیشن پر دستخط شدہ نتیجہ آپ کے ہاتھ نہ آجائے پولنگ اسٹیشنز نہ چھوڑنا، کسی کو اپنا ووٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دینا، اس وقت تک پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر موجود رہنا جب تک نتیجہ نہ مل جائے کیوں کہ یہ عادی ووٹ چور ہیں۔ مسلم لیگ (ن ) کی نائب صدر نے کہا وزیراعظم کو اپنے آئندہ انتخابات میں اپنی شکست نظر آرہی ہے اس لیے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کررہے ہیں، انتخابی اصلاحات آر ٹی ایس یا کوئی مشین نہیں ہوتی بلکہ عوام کی طاقت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلیکٹریا سیلیکٹڈ جو بھی سن رہا ہے وہ سن لے کہ نواز شریف اور عوام کے درمیان سے ہٹ جا ئواگر تم نے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو نواز شریف کی طاقت تو کم نہیں کرسکتے الٹا اپنا ایسا نقصان کرلو گے کہ دھرتی پر تو کیا زمین کے نیچے بھی منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی تمہارا یومِ حساب قریب ہے، اللہ کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام تم سے حساب لے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لیے اگر کوئی کھڑا ہوسکتا ہے تو وہ نواز شریف ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ(ن)کے امیدوار کو بھاری اکژیت سے کامیاب کراگے تو بلوچ کا علاقہ دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا، نواز شریف اپنا نقصان تو کرلیتا ہے لیکن عوام کا نقصان نہیں ہونے دیتا۔انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو اپنے گھروں میں کوئی نہ بیٹھے سب کو لے کر نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔