جرمن چانسلر انگیلا میرکل اپنے آخری سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئی ہیں۔ جمعرات کو واشنگٹن میں میرکل اپنے دورے کا آغاز امریکا کی نائب صدر کمالہ ہیرس کے ساتھ ایک بریک فسٹ میٹنگ سے کریں گی۔ اس کے بعد وہ امریکا کے کاروباری رہنماں سے ملاقات کریں گی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا جائے گا۔ بعد ازاں امریکی صدر جو بائیڈن ان کا وائٹ ہاس میں استقبال کریں گے اور پھر دونوں ملکوں کے وفود میں بات چیت ہوگی۔ 15 جولائی کی شام جرمن چانسلر صدر بائیڈن کی رہائش گاہ پر عشائیے میں شریک ہوں گی۔ میرکل اور جو بائیڈن کے مابین مذاکرات میں کئی متنازعہ موضوعات پر بحث کے امکانات ہیں جن میں نورڈ اسٹریم 2 گیس پائپ لائن اور افغانستان کا مستقبل جیسے موضوعات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ میرکل اپنی 16 سالہ چانسلرشپ کے دوران 20 سے زائد مرتبہ امریکا کا دورہ کر چکی ہیں اور اِن سولہ سالوں میں وہ وائٹ ہاس میں امریکا کے چوتھے صدر جو بائیڈن سے مل رہی ہیں۔