ضمنی انتخابات ‘ 44 پولیس ناکے‘ ایک ہزارسے زائد افسر‘ اہلکار تعینات 


لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت لاہور کے چار حلقوں میں ضمنی ایکشن قریب آنے پر لاہور پولیس کی امن و امان یقینی بنانے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔پرامن انتخابی مہم اور الیکشن کے انعقاد کیلئے مربوط اور موثر سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا آغاز کیا جا چکا ہے جس کے تحت لاہور پولیس نے تمام پولنگ ایریاز کے حساس پوائنٹس پر لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے عارضی ناکے لگائے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں پولنگ عملہ اور ووٹرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریگی۔ پولنگ سٹیشنز کے گرد و نواح میں لگائے گئے ان خصوصی 44 ناکہ جات پر 4 ایس پیز،12 ایس ڈی پی اوز،21 ایس ایچ اوز،88اپر سب آرڈینیٹس سمیت ایک ہزارسے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ اینٹی رائٹ فورس کے 3 سوسے زائد جوان، ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں بھی ناکوں پر تعینات نفری کو معاونت فراہم کریں گی۔ متعلقہ ایس پیز سمیت سپروائزری افسران نے ان سپیشل ناکوں پر تعینات نفری کو فرائض بارے بریف کیا۔پولنگ ایریاز میں اسلحہ کی نمائش،الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، پولنگ کا عمل متاثر ہونے پر ایس ایچ او ذمہ دار ہو گا اور اس کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ان سپیشل پولیس پکٹس پر تعینات افسران اور اہلکار مسلح و مشکوک افراد،ملک دشمن عناصر،گاڑیوں کی تلاشی،روک تھام اور سرکوبی یقینی بنائیں گے۔ ناکوں پر تعینات پولیس سیاسی وکرز،سپورٹرز کی کسی بھی قانون شکنی پر فوری ایکشن لے گی۔ ناکوں پر تعینات افسران الیکشن مہم اور پولنگ کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے سے روکیں گے اور اعلیٰ افسران کو آگاہ کریں گے۔ پولیس افسران ضمنی انتخابات کے انعقاد اور اس سے قبل الیکشن مہم میں ممکنہ طور پر نقص امن کا باعث بننے والے شرپسند عناصر سے شورٹی بانڈز لیں جبکہ باز نہ آنے کی صورت میں انہیں فوری گرفتار کریں۔ اس حوالے سے ضمنی الیکشن میں شرکت کرنے والی تمام جماعتوں کے ایسے ریکارڈ یافتہ افراد کی فہرستیں بلا امتیاز مرتب کرکے ان کے الیکشن مہم اور پولنگ کے دوران ہوائی فائرنگ،اسلحہ کی نمائش، کسی اشتعال انگیزی، لڑائی جھگڑے میں ملوث نہ ہونے بارے ضمانتی مچلکے لینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔شورٹی بانڈز کے باوجود کسی بھی ایسی قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس کے تحت ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائیگا۔اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی صورت میں قانون شکنی کے مرتکب افراد کا لائسنسی اسلحہ بھی ضبط کر لیا جائیگا۔ لاہور پولیس متعلقہ اداروں کی معاونت سے الیکشن مہم اور پولنگ کا عمل بہرصورت پرامن بنائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنزلاہور کیپٹن(ر)محمد سہیل چودھری نے کہا کہ اہم پوائنٹس پر 9 ہزار سے زائدافسران واہلکار تعینات کئے ہیں۔ لاہور پولیس نے انتخابی عمل اور نقص امن پیداکرنے والے 348 افراد کی فہرستیں مرتب کر لی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن