لاہور(خصوصی نامہ نگار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کی داخلی خودمختاری، آزاد خارجہ پالیسی اور امریکی ڈکٹیشن سے نجات کیلئے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا۔جو حکمران پوری قوم کو آئی ایم ایف کے چنگل اور مہنگائی کے دلدل میں پھنسا رہے ہیں وہ ملک کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ عالمی مالیاتی ادارے سے قرض ملنے پر جشن مناکر قومی وقار کا تماشا بنایا جا رہا ہے۔خود دارحکمران اپنی قوم کو مقروض کرنے کی بجائے معاشی میدان میں خود کفیل ہونے کے لیے بہترین پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔وہ ملک جو ایٹم بم بنا سکتا ہے وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیوں نہیں کر سکتا۔اس ملک میں صنعتیں لگا کر معیشت مضبوط کرنے کی بجائے قرض کے حصول پر کیوں زور دیا جاتا ہے۔دراصل وہ عالمی استکباری طاقتیں اس ملک کو مضبوط نہیں ہونے دیتیں جن کو ہمارے حکمران اقتدار تک پہنچنے کی سیڑھی سمجھتے ہیں۔