لاہور(خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے گلگت بلتستان ملی یکجہتی کونسل کے سرپرست سید سرور شاہ، صدر شیخ مرز علی، جنرل سیکرٹری مشتاق احمد ایڈووکیٹ، نائب صدر مولانا عبدالعلیم سے ملاقات میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جہاد اور عظیم قربانیوں کیساتھ خطہ آزاد کرایا، گلگت بلتستان تحریکِ آزادی کشمیر کیلئے بہت اہم، حساس سٹریٹجک اہمیت کا حامل بیس کیمپ ہے۔ بھارت بدمعاش ریاست کا روپ اختیار کرچکا ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ دھوکے بازی بند کی جائے، سیاسی، جمہوری، آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انصاف، قانون، برابری کی بنیاد پر مثبت، متوازن رویے ریاستِ جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کا بنیادی انسانی حق ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے زمینی رابطہ کے لیے ٹنل تعمیر کی جائے۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد خصوصی فنڈز مہیا کرے۔ گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان پائی جانے والی بے اعتمادی کی خلیج ختم کی جائے۔ معاشی، اقتصادی، روزگار سے متعلق مسائل حل کیے جائیں۔ عوام کو فوڈ سیکیورٹی سمیت دیگر بحرانوں سے نجات دلائی جائے۔ اسلام آباد میں حکمران، پالیسی ساز ادارے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔