اسلام آباد (خبر نگار خصوصی )اکادمی ادبیات پاکستان میں حلقہ علم وادب کے زیرِ اہتمام اور اکادمی ادبیات پاکستان کے تعاون سے گلاسگو (سکاٹ لینڈ) میں مقیم معروف شاعرہ راحت زاہد کی شعری تصنیف ’’ابھی ٹھہرو‘‘ کی تقریبِ رونمائی ہوئی۔ تقریب میں علم وادب سے تعلق رکھنے والے ملک کے نامور شعرا اور ادیبوں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ممتاز ادیب اور شاعر پروفیسر جلیل عالی نے کی اور مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان اکادمی ادبیات پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک تھے۔ دیگر مقررین میں نسیمِ سحر، جناب حسن عباس رضا، ڈاکٹر عارف فرہاد اور محترمہ سمن شاہ شامل تھے۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض ڈاکٹر طلعت شبیر نے ادا کیے۔ محترمہ سمن شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ راحت زاہد کو ان کے تیسرے شعری مجموعے کی اشاعت پر مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عارف فرہاد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ابھی ٹھہرو‘‘ ایک بہترین شعری مجموعہ ہے۔ انھوں نے محترمہ فرحت زاہد کے شعری اسلوب اور مخصوص انداز بیان کو عمدہ قرار دیتے ہوئے ان کی نظم و غزل کو معیاری قرار دیتے ہوئے ایک عمدہ شعری تصنیف کی تخلیق پر مبارکباد پیش کی حسن عباس رضا نے محترمہ راحت زاہد کی کتاب کی رونمائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے آخر میں محترمہ راحت زاہد تقریب کے صدر اور مہمان خصوصی کو اپنا شعری مجموعہ پیش کیا۔