امیدواروں کو اکٹھا بٹھانے پر ریذیڈنٹ انسپکٹر،  پریکٹیکل ایگزامینر معطل  


راولپنڈی(جنرل رپورٹر)انٹر میڈیٹ (پارٹ ون )کے سالانہ امتحانات میں ا متحانی سینٹروں میں امیدواروں کو اکٹھا بٹھانے پر ریذیڈنٹ انسپکٹر اور سینٹر سے غائب رہنے والے پریکٹیکل ایگزامینر کو معطل کر دیاگیا،گزشتہ روز انٹرمیڈیٹ اینڈ ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر محمود اعوان نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول ملہووالی میں قائم امتحانی سنٹرپرٹھیک ساڑھے آٹھ بجے چھاپہ مارا اور امیدواران کو قریب قریب بٹھانے پر امتحانی عملے  اور ریذیڈنٹ انسپکٹرپر غصے کا اظہار کیا، اس کے بعد جھمٹ میں قائم پریکٹیکل لیب کا اچانک دورہ کیا جہاں پریکٹیکل ایگزامینر موجود ہی نہ تھا اور اس کی جگہ اسی سکول کا اردو کا ٹیچر پریکٹیکل لینے میں مصروف تھا، کنٹرولر امتحانات نے یہ منظر دیکھ کر پریکٹیکل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا اور اسی وقت نئے پریکٹیکل ایگزامینر کو لگا دیا تاکہ باقی گروپس کے پریکٹیکلز متاثر نہ ہوں اور متاثرہ بچوں کے پریکٹیکل کو بھی ری شیڈول کر دیا، اس کے بعد انہوں نے غیر حاضر پریکٹیکل ایگزامینر، آر آئی، اردو ٹیچر اور ایک ای ایس ٹی ٹیچر کے خلاف ڈپٹی کمشنر اٹک اور سی ای او اٹک کو سخت تادیبی کارروائی کے لیے مراسلہ بھیج دیا، جس پر ریذیڈنٹ انسپکٹر اور پریکٹیکل ایگزامینر کو معطل کرکے ا نکو ائری کے احکامات جاری کر دیئے۔

ای پیپر دی نیشن