سجاول ( نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ سندہ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بین الصوبائی معاملات سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی زیر صدارت دربار ہال ڈپٹی کمشنر آفس سجاول میں مون سون بارشوں کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم این اے سید ایاز علی شاہ شیرازی، ایم پی ایز سید شاہ حسین شاہ شیرازی ڈپٹی اسپیکر سندہ اسمبلی ریحانہ لغاری، ہیر سوہو، ڈپٹی کمشنر سجاول شہر یار گل میمن کے علاوہ ضلع کے دیگر مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندہ کے معاون خصوصی سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کے مد نظر تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فوری طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے اندر کوئی بھی بند کمزور ہو تو اس کی فوری مرمت کرکے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ شدید بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے موسم میں تمام ہسپتالوں میں ادویات، ویکسین، ایمبولینس سروس، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے محکمہ ہائی وے کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کی تمام سڑکوں کے اطراف گڑھوں کو مکمل طور پر بند کریں. انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی کی صورتحال کی نگرانی وہ خود کرینگے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی. انہوں نے محکمہ روینیو، آبپاشی، پبلک ہیلتھ، صحت، ڈرینیج، لوکل گورنمنٹ اور دیگر تمام محکموں سے کئے گئے انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی لی۔
مون سون بارشیں، حفاظتی تدابیر اختیار،تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں
Jul 15, 2022