لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سوشل میڈیا پر فوج، عدلیہ اور الیکشن کمشن کیخلاف منظم مہم پر لاہور ہائیکورٹ میں ترمیمی درخواست دائر کردی گئی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست کو لارجر بنچ کے روبرو مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ میاں دائود ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ آئین و قانون میں آزادی اظہار رائے کی اجازت ہے مگر مسلسل منظم مہم چلانا جرم ہے۔ عدلیہ، فوج اور الیکشن کمشن کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم چلائی جا رہی ہے، جس سیاسی جماعت کیخلاف فیصلہ آتا ہے، اسکا سوشل میڈیا سیل اداروں کیخلاف مہم چلانا شروع کر دیتا ہے، اداروں کیخلاف حالیہ منظم مہم چلانے کے پیچھے پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل متحرک نظر آتا ہے، اداروں کیخلاف پی ٹی آئی کا ایک رہنما بیان دیتا ہے، پھر اس بیان کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا جاتا ہے۔ اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم روکنے کیلئے حکومت کو پالیسی بنانے کا حکم دیا جائے۔
ترمیمی درخواست