قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوید شوکت، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ثمرہ خرم، علماء اکرام اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوید شوکت نے اجلاس کو محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں، مانع حمل ادویات کی فراہمی، آگاہی سیشنز اور فیملی پلاننگ سے آگاہی کیلئے جاری مختلف پروگرامز کے انعقاد بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے معاشرے کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے اس ضمن میں محکمے کو آبادی کنٹرول کرنے کیلئے تیز ترین قدامات کرنے ہونگے ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اس کی روک تھام کے حوالے سے جائزہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اورنگزیب سدھو، اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری، ڈاکٹر ثمرہ خرم،خرم ابراہیم، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔