لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پنجاب میں ضمنی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں میں تبدیلی کے خلاف دائر درخواست پر صوبائی الیکشن کمشن سے آج ریکارڈ طلب کر لیا، عدالت نے الیکشن کمشنر سے کہا آپ لسٹیں لیکر آئیں اور بتائیں کہ آپ کسی طرح الیکشن کرا رہے ہیں۔ وکیل اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں میں تبدیلی کر دی ہے، ووٹر لسٹوں میں تبدیلی خلاف قانون ہے۔ کئی زندہ لوگوں کے ووٹوں کو مردہ قرار دیکر ووٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن کے اس اقدام سے ضمنی انتخابات میں دھاندلی ہو سکتی ہے، صاف شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔ عدالت الیکشن کمشن کو تمام ووٹرز کے ووٹ اصل جگہ پر بحال کرنے کا حکم دے۔