اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی حکومت نے شہریار آفریدی کو چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے عہدے سے ہٹادیا۔پی ٹی آئی کے منحرف رکن باسط بخاری نئے چیئرمین کمیٹی منتخب ہوگئے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس جمعرات سہ پہر 3بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں سیکرٹری مشتاق احمد کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں چیئرمین شہریار آفریدی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔ کمیٹی کے کل 28 ممبران میں سے16ممبران نے شہریار آفریدی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیے۔بعد ازاں اجلاس میں نئے چیئرمین کشمیر کمیٹی کا انتخاب بھی کر لیا گیا، پی ٹی آئی کے منحرف رکن باسط بخاری چیئرمین کشمیر کمیٹی منتخب ہوگئے۔پی ٹی آئی کے منحرف رکن نواب شیر وسیر نے باسط بخاری کا نام تجویز کیا تھا، کمیٹی اراکین نے باسط بخاری کے نام کی تائید کی تھی۔