ضمنی الیکشن ، 676پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس ، لاہور ، بھکر، ملتان میں رینجر تعیناتی کا فیصلہ

Jul 15, 2022


لاہور+ اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات  کے 20 حلقوں میں 676 پولنگ سٹیشنزکو انتہائی حساس قرار دے دیا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے کہا گیا کہ 1194پولنگ سٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں، 1271پولنگ سٹیشنز کو نارمل قراردیا گیا ہے، لاہور کے چار صوبائی حلقوں میں 122 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور میں 343 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے لاہور کے 4 حلقوں سمیت بھکر اور ملتان میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے مطابق یہ تمام حلقے انتہائی حساس ہیں اس لئے سکیورٹی میں رینجرز کو ڈالا گیا ہے۔ پاک فوج کو 4 حساس حلقوں میں تعینات کرنے کی درخواست دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان، بھکر اور لاہور کے حلقے انتہائی حساس ہیں، تمام انتخابی حلقوں میں پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات ہو گی۔

مزیدخبریں