اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے زیارت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو اغوا کے بعد شہیدکر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو 12 اور 13جولائی کی رات زیارت کے قریب سے اغوا کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے کرنل لئیق بیگ کے کزن عمر جاوید کو بھی اغوا کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ اور ان کے کزن کے اغوا کی اطلاع پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورس روانہ کی گئی جس نے دہشت گردوں کا پیچھا کرکے ان کا منگی ڈیم کے پاس موجودگی کا سراغ لگایا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے، سرچ آپریشن میں ایس ایس جی کے جوانوں اور ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ وگولا بارود کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد مغوی عمر کو لے کر فرار ہو گئے، فورسز بے گناہ شہری کی بازیابی اور مجرموں کو پکڑنے کے لئے پرعزم ہیں اور خراب موسم کے باوجود سکیورٹی فورسز کا علاقے میں آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے شہید کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ صدر مملکت کی اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
زیارت: دہشت گردوں نے پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل کو شہید کر دیا
Jul 15, 2022