عمران خان کا ’’بیرونی سازش ‘‘ کا بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا ، سلمان خان 


کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عمران خان کا بیرونی سازش کا بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا‘ انجنیئر سلمان خان نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  سپریم کورٹ کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کیخلاف تفصیلی فیصلہ کے بعد صدر مستعفی ہوجائیں۔ڈپٹی اسپیکر کی غیر آئینی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ‘ بیرونی سازش" کے بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ہے۔  عدالت کے مطابق اسپیکر کی رولنگ، اور صدرمملکت کا اسمبلی تحلیل کرنے کا اقدام غیر آئینی اور سیاسی جماعتوں کے حقوق کی خلاف تھا،  مفروضوں کی بنیاد پر رولنگ دے کر آئین اور پارلیمنٹ کی توہین کی گئی،  بغیر تفتیش کے اسپیکر نے رولنگ دی،  انہوں نے کہا کہ ڈپٹی  اسپیکر نے ہائوس میں دعویٰ کیا تھا کہ مراسلہ سپریم کورٹ کو بھجوایا گیا ہے۔  عمران خان نے جو مراسلہ جلسے میں لہرایا اس مراسلے کا مکمل متن بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے بار بار آئین کی تضحیک اور خلاف ورزی کی، فیصلے سے واضح ہو گیا کہ اس سارے معاملے میں صدر کا کردار جانبدار رہا۔ صدر آئین کا نہیں صرف تحریک انصاف کے مفاد کا تحفظ کرتے رہے‘  سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے آئندہ کی سیاست پر مثبت نتائج مرتب ہونگے‘ انشاء اللہ فیصلے کے بعد پنجاب کے  ضمنی الیکشن میں سو فیصد مسلم لیگ کی کامیابی ہے۔

ای پیپر دی نیشن