چیف ایگزیکٹو فیسکو کی بجلی کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانے کی ہدایت 

Jul 15, 2022


فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے حالیہ مون سون کی بارشوں میںصارفین کو بجلی کے ممکنہ حادثات سے بچائو اور انہیں بجلی کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے پانچوں آپریشن سرکلز کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ فیسکو نے مون سون کی بارشوں کے پیش نظر برقی رو کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات پہلے ہی مکمل کرلئے ہیں ۔فیڈروں کی پٹرولنگ اور مینٹی نینس کے علاوہ ایل ٹی /ایچ ٹی لائنوں،ٹرانسفارمر اور دیگربرقی تنصیبات پر ممکنہ نقائص کی نشاندہی کرکے انہیں دررست کیا گیا ہے۔فیڈرزپر ٹرپنگ،فالٹ یا کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں میٹریل کی بروقت دستیابی کیلئے تمام سٹورز کھلے ہیں جہاں سے فوری تنصیباتی سامان دستیاب ہے تاکہ صارفین کو فیڈرز پر فالٹ اور سامان کی تبدیلی کی صورت میں گھنٹوں انتظارنہ کرناپڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو انتظامیہ اپنے صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کارلارہی ہے ۔تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرکلز کے ڈسپوزل ٹیوب ویلوں اور پانی کی فراہمی کے فیڈروں پر کسی قسم کے فالٹ کی صورت میں فوری ازالہ کیلئے اقدامات کریں اور تمام امور کی خود نگرانی کریں تاکہ حالیہ جاری بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مسائل پیدانہ ہوں ۔علاوہ ازیں انہوں نے فیسکو سٹاف کو حکم دیاہے کہ وہ چالو لائنوں پر کام کے دوران تمام حفاظتی ٹی اینڈ پی اور سیفٹی اصولوں کے مطابق کام کریں ۔فیسکو چیف انجینئر بشیراحمد نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں ،تاروں اور ٹرانسفامرز سے دوررہیں اور بارشوں کے موسم میں فیسکو انتظامیہ کی طرف سے جاری گائیڈلائینز پر عمل کریں تاکہ وہ اپنی ،اپنے بچوں اورعوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کویقینی بنا سکیں ۔فیسکو صارفین کو بجلی کی بلا تعطل سپلائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صارفین کی جان و املاک کی حفاظت کوبھی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے صارفین فیسکو سے تعاون کریں۔

مزیدخبریں