لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں سری لنکا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کھیلنے کیلئے کولمبو سے گال پہنچ گئی ۔ قومی کرکٹرزمیچ کی تیاری کیلئے آج پریکٹس کریں گے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کل سے گال میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکا کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔18 رکنی سری لنکن ٹیم کی قیادت دیموتھ کرونا رتنے کریں گے جبکہ سکواڈ میں اینجلو میتھیوز ، کوشل مینڈس ، دنیش چندی مل اور ڈکویلا شامل ہیں۔پاتھم نسانکا ، اوشادا فرنینڈو ، دھننجایا ڈی سلوا ، کمنڈو مینڈس، نیروشن ڈکویلا، رمیش مینڈس ، مہیش تھیکشانا ، کاسن رجیتھا، وشوا فرنینڈو ، آسیتھا فرنینڈو ، دلشان مدوشنکا ، پربتھ جے سوریا، دونیتھ ویلاگیاور جیفری وندر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے گال میں کھیلا جائے گا اور ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم گال میں اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوگی کیونکہ میزبان ٹیم ابتدائی ٹیسٹ میں ممکنہ سپن جنگ میں پاکستان کا مقابلہ کرے گی۔آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز برابرکرنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پر امید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گال کی پچ دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کریں گے ۔ سپنرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے امید ہے وہ تسلسل کو برقرار رکھیں گے ۔ پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ دو میچوں کی سیریز میں کامیابی کیلئے دورہ کرنے والے بیٹرزکو بائیں ہاتھ کے سپن کیخلاف اپنی کمزوری پر قابو پانا ہو گا۔دونوں ٹیمیں سپن وکٹوں پر پروان چڑھی ہیں اور ان میں اس قسم کی پچز موجود ہیں۔لیکن مجھے یقین ہے کہ اگر پاکستان کو کامیاب بنانا ہے اور اس سیریز کو جیتنا ہے تو اسے سخت محنت کرنی ہوگی۔ہم تاریخی طور پر جانتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں بائیں ہاتھ کے سپنرز کے خلاف کمزوری ہے، اس لیے انہیں اس سے نمٹنا ہوگا۔ اس لیے انہیں اچھی تیاری کرنی چاہیے اور بیٹرز کو ذمہ داری لینا چاہیے۔