ُپہلی ششماہی صارفین کو 487ملین کا ریلیف فراہم کیا 

Jul 15, 2022

کراچی ( کامرس رپورٹر)بینکنگ محتسب پاکستان نے رواں کیلنڈر سال 2022 کی پہلی ششماہی (جنوری سے جون) کے دوران 14,070 شکایات کا ازالہ کرکے بینکنگ صارفین کو 487.55 ملین روپے کا مالیاتی ریلیف فراہم کیا۔ بینکنگ محتسب کی جانب سے تقریباً 98 فی صد (13,762) شکایات کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔ صرف 2فی صد (308) شکایات کو رسمی احکامات کے ذریعے حل کیا گیا۔بینکنگ محتسب کے پاس کمرشل بینکوں کے خلاف درج ہونے والی شکایات کی تعداد میں کوئی واضح کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے کیونکہ یکم جنوری سے 30 جون 2022 تک تقریباً 16,045 نئی شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں پرائم منسٹر پورٹل کی 7,500 شکایات بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال (2021) کی پہلی ششماہی کے دوران، بینکنگ محتسب آفس نے 14,910 شکایات کا ازالہ کرکے بینکنگ صارفین کو 305.5 ملین روپے کا مالیاتی ریلیف فراہم کیا تھا۔بینکنگ صارفین کو کسی بھی دھوکہ دہی اور جعلسازی سے بچانے کے لیے، بینکنگ محتسب پاکستان، محمد کامران شہزاد نے بینکنگ صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور مالی معلومات کسی بھی غیر متعلقہ شخص پر ظاہر نہ کریں۔

مزیدخبریں