کراچی(کامرس رپورٹر)مانڈیلیز پاکستان نے میل چیمپئن آف چینج پاکستان (ایم سی سی پاکستان ) میں اپنے ایم ڈی سمیع واحد کی شمولیت سے ایک بڑا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ ایم سی سی پاکستان ایک صف اول کا پلیٹ فارم ہے جس کے اراکین مجموعی طور پر معاشرے میں بالخصوص اپنے اداروں کے اندر صنفی مساوات، تنوع اور خواتین کی بااختیاری جیسے موضوعات سے متعلق مساوی مواقع کی فراہمی کیلئے اپنے اثر و رسوخ اور وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ایم سی سی پاکستان سال 2018 میں قائم ہوا اور یہ چیمپیئنز آف چینج کولیشن کی رکنیت رکھنے والا ادارہ ہے۔ اس ادارے کی حکمت عملی مردوں کے اثر و رسوخ کے ذریعے صنفی مساوات کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔ اس کے ممبرز میں پاکستان کے بعض بڑے اداروں کے 19 سی ای اوز اور منیجنگ ڈائریکٹرز شامل ہیں جن میں ٹیلی کمیونکیشنز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، فنانشل ایڈوائزری، مائیکروفنانس، لاجسٹکس اور میڈیا جیسے اہم شعبے ہیں۔ سمیع واحد کی ایم سی سی پاکستان میں رکنیت کے ساتھ مانڈیلیز پاکستان میں تنوع، مساوات اور شمولیت کے مقاصد کے حصول سے منسلک ان کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے مانڈیلیز پاکستان کے ہیڈکوارٹرز میں سمیع واحد کی اس پینل میں باضابطہ شمولیت پر ایک دستخطی تقریب منعقد ہوئی جس میں مانڈیلیز پاکستان کے ایم ڈی سمیع واحد، ایم سی سی پاکستان کی کنوینر فضہ فرحان، مانڈیلیز پاکستان کی پیپل لیڈ کمرشل خدیجہ خان اور مانڈیلیز پاکستان کی ٹیلنٹ ایکوزیشن ایڈوائزر افشاں خان نے شرکت کی۔ اس اہم پیش رفت پر مانڈیلیز پاکستان کے ایم ڈی ، سمیع واحد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "کاروباری رہنماو¿ں کے طور پر ہمارے پاس موقع اور ذمہ داری ہوتی ہے جس میں ہم اپنے لوگوں کے لئے وسیع اور جامع انداز سے کام کی جگہ پیدا کرسکیں۔ چیمپیئنز آف چینج کے ساتھ اشتراک مانڈیلیز پاکستان میں ہمارے موجودہ عزم کا اظہار ہے جس کے تحت ہمارے ادارے کے اندر اور اس سے باہر بھی صنفی مساوات اختیار کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ "مانڈیلیز پاکستان نے زیادہ سے زیادہ متنوع خواتین کو قائدانہ عہدوں پر تیزی سے فائز کرنے کے لئے تنوع، مساوات اور شمولیت سے متعلق چیلنجز کے حل پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے۔
کمپنی نے حال ہی میں سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کی جانب سے منعقدہ 18 ویں سالانہ ایکسی لینس ایوارڈز میں جینڈر ڈائیورسٹی ایٹ ورک پلیس کا اعزاز بھی جیتا ہے۔