حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عمر فارو ق وڑائچ اور ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد نے پنڈی بھٹیاں اور جلالپور بھٹیاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں جلوسوں کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں راشد اقبال ، سی ای او ایم سی اکرام اللہ سندھو،سابق ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی، میاں قادر بخش بھٹی ، ذیشان عباس بھٹی ، محکمہ صحت ریسکیو 1122سمیت امن کمیٹی کے اراکین اور علاقہ معززین بھی انکے ہمراہ تھے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی اپی او نے تحصیل انتظامیہ اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں ، جلوسوں کی گز رگاہوں کو خار دار تاروں اور دیگر رکاوٹوں سے مکمل طور پر سیل کیا جائے جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ محر م الحرام میں ضلع بھر میں 139جلوس نکالے جائیں گے، جن میں اے کیٹگری کے 15، بی کیٹگری کے 20اور سی کیٹگری کے 104جلوس شامل ہونگے ، اس طرح ضلع میں مجموعی طور پر 603مجالس منعقد کی جائیں گی، جن میں اے کیٹگری کی 45، بی کیٹگری کی 63اور سی کیٹگری کی 495مجالس شامل ہیں۔
ڈی سی عمر فارو ق اورڈی پی او فہد احمدکا پنڈی بھٹیاں‘ جلالپور بھٹیاں کا دورہ
Jul 15, 2023