لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ پارکنگ سوسائٹیوں کو رہائشیوں کیخلاف کارروائی سے روک دیا 


لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے پرائیویٹ ہاﺅسنگ سوسائٹیوںکو رہائشیوں کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا، پنجاب میں نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں عدالت نے قرار دیا کہ سوسائٹیز کسی شہری کیخلاف کمیٹی سے اجازت کے بعد کارروائی کرسکیں گی، سرکاری وکیل نے دادرسی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن پیش کردیا، جس کے مطابق 6 رکنی کمیٹی سیکریٹری ہاﺅسنگ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار ہائیکورٹ اس عدالتی حکم کو میڈیا کو بھی دیں،مکمل اور نامکمل سوسائٹیز کے رہائشی کمیٹی میں شکایات درج کرائیں۔، سوسائٹیاں کے رہائشی بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنے پر شکایات کراسکتے ہیں، چیف سیکرٹری عدالتی حکم کی روشنی میں ترمیمی نوٹیفیکیشن جاری کرے، ایل ڈی اے میں ون ونڈو کے ذریعے شکایات موصول کی جائیں، ڈی جی ایل ڈی اے ان شکایات کو کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کو یقینی بنائیں، چیف سیکرٹری دوسرے اضلاع سے متعلق میکنزم وضع کریں، کمیٹی شکایات پر فیصلوں کی رپورٹ ہر پندرہ دن بعد ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو جمع کرائے، عدالت نے درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن