لاہور(کامرس رپورٹر ) گھانا کے سفیر ایرک اووسو بوٹینگ نے پاکستانی تاجر برادری کو گھانا میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینے کی دعوت دی ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے سفیر کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور گھانا کے قونصلیٹ کے وائس قونصل عمر شاہد بٹ نے بھی خطاب کیا۔سفیر نے کہا گھانا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستانی سرمایہ کار گھانا میں فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، سیاحت اور دیگر شعبوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کی تاجر برادری تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں۔ تجارتی وفود کے تبادلے اور نمائشوں اور تجارتی میلوں میں شرکت سے باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا تاجر برادری افریقہ کو ایک بڑی مارکیٹ سمجھتی ہے۔ پاکستان تمام افریقی ریاستوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھتا ہے اور گھانا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات استوار کرنے کا یکساں خواہشمند ہے۔
گھانا کی پاکستانی تاجر برادری کو مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینے کی دعوت
Jul 15, 2023