لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبے کی تمام رینجز اور اضلاع میں پروموشنز کا اگلا مرحلہ جاری ‘ مزید 111 افسران اور اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں 61 اے ایس آئیز اور 50 ہیڈ کانسٹیبلز شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع اور رینجز میں خالی آسامیوں پر 7 ہزار مزید پروموشنز تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔ بہاولپور رینج کے پروموشن بورڈ کے اجلاس میں 111 اہلکاروں کو ترقی کی منظوری دی گئی،61 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر جبکہ 50 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئیز کے عہدوں پر پروموٹ کر دیا گیا۔ پروموٹ ہونے والوں میں بہاولپور ریجن کے اضلاع بہاولنگر، رحیم یار خان اور بہاولپور کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پروموٹ ہونے والے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق دی جانے والی ان ترقیوں کا مقصد فورس کے مورال کو بلند کرنا ہے۔