لاہور (خصوصی نامہ نگار ) دارالعلوم جامعہ نعیمہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سیدنا عمر فاروقؓ کا دور خلافت مسلم دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔ہم خلیفہ رسول کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوا کر کامیابی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔محرم الحرام کو انتہائی عزت و احترام سے منایا جائے۔ ملک میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ تمام سٹیک ہولڈر پاکستان کی بقا کیلئے ایک دوسرے کی مقدسات پر رقیق حملے نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ آپ نے صحابہ کرامؓ کی مشاورت سے مسلمانوں کیلئے اسلامی کیلنڈر اجرا کیا۔نئے اسلامی سال کا آغاز یکم محرم سے کیا گیا۔ اسلامی کیلنڈر کو نبی کریم کی ہجرت کی مناسبت سے ہجری سے منسوب کیا گیا۔ حضرت عمر فاروقؓ کے عدل و انصاف کے دور کو اگر آج بھی اپنا لیا جائے تو ہم دنیا میں انقلاب برپا کر اسلامی پرچم کو بلند کر سکتے ہیں جن کے عدل وانصاف کی مثالیں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اس لئے تعلیمات اسلامی کے ساتھ ساتھ حضرت عمر فاروق کی شجاعت،بہادری اور عدل وانصاف سے نونہالان وطن کو روشناس کرنے کیلئے ہمیں اصحاب رسول کے ایام کو پورے جوش وخروش اور قوت ایمانی کے تقاضا سے منانا ہو گا۔
سیدنا عمر فاروقؓ کا دور خلافت مسلم دنیا کیلئے مشعل راہ ہے:راغب نعیمی
Jul 15, 2023