7 بڑے ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے صوبے کے 7 بڑے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنانے کے پروگرام کی منظوری دی۔ جناح‘ جنرل‘ ڈینٹل‘ چلڈرن ہسپتال لاہور‘ نشتر ہسپتال ملتان اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کی بحالی‘ تعمیرومرمت اور ری سٹرکچرنگ ہوگی۔ کابینہ نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کے اجراءکی منظوری دی۔ چلڈرن ہسپتال لاہور اور انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان میں ایمرجنسیز میں علاج معالجے کی سہولتوںکو بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کیلئے ایک اور بڑے اقدام کی منظوری دی گئی جس کے تحت تمام سرکاری ملازمین پی کے ایل آئی میں بھی علاج کرا سکیں گے۔ کابینہ نے تمام سرکاری ملازمین کے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں علاج معالجے کیلئے ریوالونگ فنڈ کی منظوری دی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کا نام تبدیل کرکے بابا بلھے شاہ ہسپتال قصور اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال فیصل آباد کا نام تبدیل کرکے نصرت فتح علی خان ہسپتال فیصل آباد رکھنے کی منظوری دی گئی۔ گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال کی اپ گریڈیشن کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی جبکہ واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا کام متعلقہ لوکل گورنمنٹ سے واپس لیکر پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا کام پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سپرد کرنے ‘ پنجاب ایگریکلچرل اینڈ میٹ کمپنی کے بورڈ آ ڈائریکٹرز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر تلوار پوسٹ سے ملحقہ آخری سرحدی گاﺅں بھکی پنڈ اور دیگر دیہات کا دورہ کیا اور دریائے ستلج میں پانی کے بہاﺅ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کشتی میں زیرآب گاﺅں بھکی پنڈ اور دیگر دیہات میں پہنچے۔ گاﺅں کے مکینوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔ محسن نقوی نے متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زیرآب دیہات میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ دیہات میں لوگوں تک کھانے پینے کی اشیاءاور مویشیوں کیلئے چارہ پہنچایا جائے اور متاثرین کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے۔
محسن نقوی

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...