اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔ آخری دو ہفتوں میں مشاورتی عمل اور پراسیس مکمل کرلیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ بڑی کامیابی ہے، معیشت اور روپے کی قدر میں بہتری آئے گی۔ پاکستان کو دیوالیہ بنانے کے خواہشمندوں کو ناکامی اور مایوسی ہوئی۔ آئی ایم ایف شرائط کی تکمیل میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ معاہدوں کی پاسداری ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے سے انحراف کرکے ملک، معیشت کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معاہدے سے انحراف نہ کرتی تو موجودہ صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ آنے والی حکومت کو آئی ایم ایف سے طے شدہ معاملات کی پاسداری کرنا ہوگی۔ اللہ کرے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ 23 واں پروگرام آخری پروگرام ہو۔
اسحاق ڈار