اسلام آباد (اے پی پی+ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، موجودہ حکومت کی مدت اگست تک ہے جس کے بعد ایک نگران حکومت ذمہ داری سنبھالے گی، مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، الیکشن کے بعد عوام نے موجودہ حکومت کو دوبارہ منتخب کیا تو آئی ایم ایف اور ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے معیشت کو بہتر بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے 3 ارب ڈالر کے حال ہی میں ہونے والے سٹینڈ بائی معاہدے کو عملی جامہ پہنانے میں منیجنگ ڈائریکٹر کی حمایت اور مدد پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے غریبوں کا احساس کیا ہے اور معاہدہ کیلئے قابل قدر حمایت کی۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاہدہ کیلئے آئی ایم ایف کے سامنے پاکستان کے کیس کو بھرپور انداز میں پیش کیا حالانکہ آئی ایم ایف بورڈ ماضی میں اعتماد کی کمی کی وجہ سے معاہدے کی شرائط کو پورا کرنے کے پاکستان کے عزم پر شکوک و شبہات کا شکار تھا تاہم وزیر اعظم کے ساتھ مسلسل رابطوں کی روشنی میں انہوں نے بورڈ کو یقین دلایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ان کی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور معاہدہ پر عملدرآمد کیلئے ان کی سنجیدگی نظر آئی ہے اس لئے پاکستان اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اب مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد موجود ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کا اہم رکن قرار دیتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے اعلیٰ معیار کے آموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کو احترام اور تحسین کے جذبے کے طور پر پاکستانی آموں کا تحفہ بھجوانا ان کیلئے ایک اعزاز ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔ تعلیم ، روزگار اور صحت صرف امیر طبقہ کا حق نہیں بلکہ سب کا حق ہے،75 سال کی عادتیں بدلنا آسان کام نہیں ہے، تاہم مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے، فنی ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے، فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے سے تجارتی خسارہ میں کمی آئے گی۔ تعلیم کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وہ جمعہ کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے۔ ہزاروں بچوں کو ہنر مندی کی تعلیم دے کر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس یونیورسٹی کا منصوبہ بنایا، اس پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ بچوں کی تعلیم کے لئے ان کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو ہم نے دور کرنا ہے۔ 10 سال میں 4 لاکھ 50ہزار طالب علم میرٹ پر ملک بھر سے وظائف کے حق دار ٹھہرے۔ آج وہ بچے دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ اسی طرح ہم نے دانش سکول بنائے تاکہ غریبوں کو ایچی سن اور دیگر اداروں کے مساوی تعلیم دی جا سکے۔ مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے۔ اگر ہم ہنرمند لوگوں کو خلیجی سمیت دیگر ممالک میں بھیجیں گے تو پاکستان کا تجارتی خسارہ مثبت ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لئے یونیورسٹی کو ہر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے سدرہ گل اور ممتاز حسین کا حوالہ دیتے ہوئے یونیورسٹی کی انتظامیہ ، اساتذہ کو سلام پیش کیا اور کہا کہ اس تقریب میں ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ گو کہ یہاں پر ان طالب علموں کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کے لئے سپاہی موجود نہیں تو وہ خود ان کی محنت پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کے علاوہ کرپشن کے خاتمہ کے لئے کوئی اور طبقہ موثر کردار ادا نہیں کر سکتا۔
اسلام آباد میانوالی سرگودھا (خبرنگار خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 3 ارب 48 کروڑ ڈالر مالیت کے 1200 میگاواٹ کے حامل چشمہ۔5 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جو 7سے 8 سال میں مکمل ہو گا۔ 30 جون 2023 ءکو وزیراعظم کی موجودگی میں چائنا نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن اوورسیز لمیٹڈ (سی این او ایس) اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔ جمعہ کو سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صاف ستھرے اور سستے توانائی کے ذرائع کی ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے، یہ منصوبہ ایک بہت بڑا سنگ میل اور دو عظیم دوست ممالک چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی علامت ہے جس سے ملک کو صاف، موثر اور نسبتاً سستی توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال کے وقفہ کے بعد چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر کام ایک بار پھر زوروں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ۔5 کے معاہدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا سہرا مخلوط حکومت اور ایس ڈی پی کے سر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مخالف ہر طرف یہ افواہیں پھیلا رہے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے لیکن ہم نے صرف 15 ماہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا، حکومتی ٹیم کی کاوشوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے۔ وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان کو مشکل وقت میں مدد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مخلوط حکومت اور ان کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجہ میں چینی کمپنی نے منصوبہ کی لاگت کو 18۔2017 میں اس وقت کی مسلم لیگ ن کی حکومت میں طے شدہ سطح پر رکھا اور اس میں اوسطاً 10 فیصد مہنگائی سے لاگت میں اضافہ شامل نہیں کیا جبکہ اس کے علاوہ ان کی درخواست پر پاکستان کو 30 ارب روپے کا ڈسکاﺅنٹ بھی دیا جو دونوں ممالک کے درمیان خلوص کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان میں چین کے سفارتخانہ کے ناظم الامور پینگ چنگ سو نے کہا کہ چشمہ۔5 پاکستان کو کم کاربن، صاف اور سستی توانائی پیدا کرنے میں مدد دے گا جس سے مقامی سطح پر ملازمتیں پیدا ہوں گی ۔ چائنہ نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن کے چیئرمین یو جیان فنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری توانائی کے شعبہ میں تعاون ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ سی فائیو منصوبہ ایچ پی آر 1000 ترقی کے عالمی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے قومی گرڈ میں مزید1200 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا گا، نیوکلیئر پاور پلانٹس نے ملک میں روزگار کے مواقع پیداکئے ہیں۔ اپنے ٹیوٹ میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور فرانسیسی عوام کو ان کے قومی دن پردل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن فرانسیسی عوام کی انقلابی جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ شہباز شریف سے سابق رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے ملاقات کی۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں نے جمعہ کو پاکستان کے آٹھویں نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ہے اور یہ چشمہ پر بننے والا پانچواں یونٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر حکومت اپنی توجہ متنوع انرجی مکس پر مرکوز کررہی ہے اور نیوکلیئر پاور ہماری طویل المدتی انرجی سکیورٹی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ہر شعبہ میں ترقی کے لئے پاکستان کی مسلسل مدد پر چین کے مشکور ہیں۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ میں چشمہ بیراج کے مقام پر 1200 میگا واٹ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے افتتاح کے لئے سخت ترین سکیورٹی انتظامات میں کندیاں شہر کے اندرون ریلوے پھاٹک کو آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔