پی اے سی: گھریلو گیس کنکشنز سے پابندی ہٹانے کے احکامات

اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلا س کورم پورا نہ ہو نے پر چیئرمین کمیٹی نے ملتوی کردیا۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی اور ارکان نے سپیشل سیکرٹری پٹرولیم سے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشن پر سے پابندی ہٹانے کے حوالے سے پی اے سی کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کئے۔ چیئرمین پی اے سی نے ایم ڈی پی ایس او سمیت دیگر حکام کو آگاہ کیا کہ سندھ اور بلوچستان سمیت دیگر صوبوں میں نئے پٹرول پمپس کھولنے پر عائد پابندی ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اس پر عمل درآمد کرایا جائے۔ اجلاس میں چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پٹرولیم ڈویژن کے 20 ۔ 2019 ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری پٹرولیم نے بتایا کہ سیکرٹری اپنے بیٹے کی علالت کی وجہ سے چھٹی پر ہیں۔ پی اے سی نے آڈٹ حکام کی سفارش پر پٹرولیم ڈویژن ن کے 54آڈٹ اعتراضات نمٹا دیئے۔ پی اے سی کے چیئرمین نور عالم خان نے چیئرمین اوگرا اور ایم ڈی پی ایس او کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور کے پی سمیت ملک کا کوئی بھی حصہ ہو وہاں پی ایس او کا پٹرول پمپ کھولنے پر پابندی اٹھانے کی پی اے سی نے ہدایت کر دی ہے۔ برجیس طاہر نے کہا کہ محکمہ گیس نے اربوں روپے لگا کر دیہاتوں میں گیس لائنیں بچھا رکھی ہیں، گیس فراہم نہ کرنے کی وجہ سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ضائع ہو رہی ہے، اس معاملے کا بھی آڈٹ کرایا جائے۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ ہم وزیر اعظم سے گذارش کرتے ہیں اس معاملہ کا نوٹس لیا جائے۔ شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ ان کے پاس جو گیس موجود ہے کیا اس سے موجودہ صارفین کی طلب پوری ہو رہی ہے۔ شاہدہ اختر علی نے کہا کہ گیس کی طلب اور رسد میں فرق بہت زیادہ ہے، اس حوالے سے کوئی واضح پالیسی آنی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن