ڈیمز ہماری لائف لائن، جلد از جلد تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خورشید شاہ

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے دیامر بھاشا، داسو،اور مہمند ڈیم ہائیدروپاور پراجیکٹس پر اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیمز ہماری لائف لائن ہیں اور ان کی جلد از جلد تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈیمز پر سست رفتاری سے ملک کو بہت نقصان ہوا مگر اب ہمیں سست روی سے نکلنا ہے تاکہ ملک کو انرجی، آبپاشی اور زراعت کے شعبے میں تیز ترین ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بنک سے میٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ ان پروجیکٹس کی مالی معاونت میں رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان ڈیمز کی جلد از جلد تکمیل کو ممکن بنانے کیلئے مستعدی سے کام جاری ہے اور اس سلسلے میں مالی اور انتظامی رکاوٹوں کو وہ اور ان کی ٹیم ذاتی طور پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیمز ہماری ترقی کیلئے ناگزیر ہیں اور ان کی تعمیر کے سلسلے میں کسی دانستہ رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ترقی کیلئے ڈیمز ناگزیر ہیں اور موجودہ حکومت ڈیمز کی جلدتعمیر و تکمیل کیلئے ہر ممکنہ اقدام کر رہی ہے۔  خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان بے پناہ آبی وسائل کا حامل ہے مگر ہم ان وسائل سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے مگر جدید دور کی ضروریات کے پیش نظر آبی وسائل سے بھرپور استفادہ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ میٹنگ میں وزیر مملکت آبی وسائل محمد علی شاہ، سیکرٹری آبی وسائل حسن جامی اور چیرمین واپڈا سجاد غنی نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن