تین روزہ سمپوزیم کے بہت مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ڈاکٹر رمیش کمار

اسلام آباد(نا مہ نگار)گندھارا سیاحت پر وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کے چیئرمین اور وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے گندھارا سمپوزیم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تین روزہ سمپوزیم کے بہت مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔اسلام آباد میوزیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا پاکستان کی خدمت ہے اور اس سلسلے میں یہ سمپوزیم کامیاب رہا جس میں 30 سے زائد ممالک کے لوگوں کا پاکستان میں آنا اور خوش ہو کر جانا کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے وزیراعظم ٹاسک فورس کے چیئرمین کا چارج سنبھالا تو وقت کم تھا کام زیادہ تھا۔ ہم نے ہر بدھ کو بدھا ڈے منایااور پہلی عالمی کانفرنس کی جس میں 20 ڈپلومیٹس اور 70 مشن آئے تھے،یہ پروگرام انتہائی کامیاب رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کے بہت سے تاریخی مقامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ٹوارزم کو فروغ دینے کے لئے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندھارا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ثقافتی سفارتکاری اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔عالمی کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو بدھ مت اکثریتی ممالک کے مزید قریب آنے کا موقع ملا۔وزیراعظم شہباز شریف کے بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کے تحت عالمی گندھارا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ثقافتی سفارتکاری میں یہ سیاحتی ایونٹ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ٹیکسلا اعلامیہ کا ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے جو اس مقصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور انکو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن