اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے صوابی میں درج مقدمہ میں اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیروی پرخارج کر دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے اسد قیصر کی عدم موجودگی پر عدالت کا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیاکہ کدھر ہیں اسد قیصر ؟،معاون وکیل نے استدعا کی کہ تھوڑی دیر میں اسد قیصر آرہے ہیں، عدالت نے کہاکہ پہلے بھی کیس کال ہوا اب دوبارہ کیس کال ہوا ، عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ عدالتیں ملزموں کا انتظار نہیں کرتیں،ساڑھے نو بجے کا وقت تھا ملزم کو ساڑھے سات یہاں ہونا چاہیے تھا ، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے معاون وکیل سے کہاکہ ہائیکورٹ کا کوئی احترام ہے،یہ کونسا طریقہ ہے،عدالت نے اسد قیصر کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔ اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے انتخابات سے متعلق ٹریڈ ڈائریکٹوریٹ کا حکم معطل کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت سے جاری تحریری حکمنامہ میں عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے اور کہاہے کہ فریقین دو ہفتوں میں جواب جمع کرائیں،گوجرانولہ اور رحیم یار خان کے چیمبرز کے عہدیداران نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ کا7 جولائی کا حکم نامہ چیلنج کیا تھا، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ نے چیمبرز کے انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا،درخواستگزار کے مطابق اکتوبر 2022 میں انتخابات کے بعد آفس بیرئیرز کی مدت میں ایک سال کا اضافہ کیا گیا،مدت بڑھائے جانے کے بعد انتخابات 2024 میں ہونا ہیں،کیس کی سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کی جاتی ہے۔
اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیروی پرخارج
Jul 15, 2023