فرانس کا دورہ کرنے پربھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پیرس میں ایلیزے پیلس کی طرف سے بتایا گیا کہ قصر صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں بھارتی وزیر اعظم کو جو گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پیش کی گئی، وہ فرانس کی طرف سے دیے جانے والے قومی اعزازات میں سے اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ انہیں یہ اعزاز صدر ماکروں نے پیش کیا، مودی فرانس کے قومی دن کی مرکزی تقریب کے خاص مہمان بھی تھے۔اس موقع پر فرانسی صدر ماکروں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ اعزاز دیا جانا ان کے اس کردار کا اعتراف ہے جو انہوں نے فرانس اور بھارت کو جوڑنے والے اعتماد اور دوستی کے مظہر شاندار تعلقات کیلئے ادا کیا ہے۔نریندر مودی نے ایلیزے پیلس میں منعقدہ سرکاری تقریب میں یہ اعزاز وصول کرنے کے بعد فرانسیسی زبان میں کی گئی اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ''میں اپنے لیے اس گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر کو بڑی عاجزی سے قبول کرتا ہوں۔‘‘ اپنی اس ٹویٹ میں بھارتی وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر کے ساتھ اس تقریب میں اتاری گئی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔یہ اعلیٰ ترین قومی اعزاز دیے جانے کا سلسلہ 1802ء میں شروع ہوا تھا۔یہ اعزاز فرانس کے نپولین اول کہلانے والے بادشاہ اور جنرل نپولین بوناپارٹ نے متعارف کروایا تھا۔یہ پانچ مختلف درجات کا حامل فرانسیسی قومی اعزاز ہے جو 'شیوالیئر آف لیجن آف آنر‘ سے شروع ہو کر اپنی اعلیٰ ترین شکل 'گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پر ختم ہوتا ہے۔