میزبان ممالک میں پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کیلئے کام کریں، عارف علوی

Jul 15, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سمندر پار پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے میزبان ممالک میں پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کیلئے کام کریں۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار یہاں ڈاکٹر نصر شاہد کی قیادت میں سمندر پار پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد نے ملاقات کے دوران صدر مملکت کے ساتھ مختلف اْمور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے، سمندر پار پاکستانی باصلاحیت لوگ اور پاکستان کیلئے باعث فخر ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی وطن سے دور رہ کر زرمبادلہ کی صورت میں ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے میزبان ممالک میں پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کیلئے کام کریں ، پاکستان کو اِس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ، اِس کیلئے سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے میزبان ممالک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔
عارف علوی 
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فرانس کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے فرانس کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔   صدر مملکت نے فرانسیسی جمہوریہ کے صدر ایمانوئیل میکرون کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ نقطہ نظر اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فروری میں دستخط کئے گئے دوطرفہ تعاون کے روڈ میپ سے تجارت، عوامی رابطوں، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی جیسے شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے یقین ظاہر کیا کہ صدر میکرون کی متحرک قیادت میں ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو باہمی فائدے کیلئے اعلیٰ سطح پر لے جائیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خط میں فرانس کے صدر کیلئے اچھی صحت اور مسرت، فرانس کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
صدر

مزیدخبریں