اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چین کی کمپنیوں کے ایک وفد نے ڑیانڈینگ ہائی ٹیک الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین گان میلن کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں مشینری کی تیاری، الیکٹرک گاڑیوں، آلات کی صنعت، ڈرلنگ، مقناطیسی تار کی تیاری، کمرشل کنکریٹ، آلات کی تنصیب اور ڈپارٹمنٹ اسٹور کی فروخت سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔،۔ وفد نے باہمی تعاون اور کاروباری شراکت داری کے شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چینی وفد کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں کاروباری شراکتوں اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان اور چین کے درمیان ترقی اور طویل المدتی بزنس پارٹنرشپ کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں متعدد خصوصی اقتصادی زونز قائم کر رہا ہے لہذا چین کی کمپنیوں کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے کوشاں ہے لہذا اس سہولت کے قائم ہونے پر چین کی کمپنایں اس میں سرمایہ کاری کرنے پر غورکریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صحیح شراکت داروں کے ساتھ ملانے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔چین کی ڑیانڈینگ ہائی ٹیک الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین گان میلن نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کا وفد پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور کاروباری تعاون کے شعبوں کی تلاش کے لیے پاکستان آیا ہے۔