اسلام آباد (نا مہ نگار)جہان تشیع کے روحانی پیشوا، سرپرست اعلی سپریم شیعہ علما بورڈ اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی پہلی برسی جمعہ کو عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس حوالے سے دو روزہ مرکزی اجتماع 'پیام موسوی کنونشن' جامعہ المرتضی اسلام آباد میں منعقد ہوا جس ملک بھر سے عمائدین ملت، بانیاں، عزاداران، پیرکاران و محبان آقائے موسوی نے شرکت کی۔ علما کرام، عمائدین ملت اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماوں نے مرقد قائد پر چادر پوشی کی جبکہ مختار فورس و ابراہیم اسکاٹس کے جوانوں نے ملت جعفریہ کے روحانی پیشوا کو سلامی پیش کی۔ پیام موسوی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فرزندان قائد آغا سید محمد مرتضی موسوی اور آغا سید علی روح العباس موسوی نے کہا کہ آمدہ محرم الحرام میں آغا موسوی کے درس ولا و عزا اور ضابطہ عزاداری پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ شرکا کانفرنس ملت تشیع کے روحانی پیشوا کو دین و وطن کے لئے گراں قدر خدمات پر انہیں نظرانہ عقیدت پیش کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ان کے رہنما اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔