اسلام آباد (نا مہ نگار) اسلام آباد میں جہاں ایک ترقیاتی ادارہ بھاری فنڈز پر کام کر رہا ہے،گٹر کا ڈھکنا نہ ہونے کی وجہ سے باپ بیٹے کا گٹر میں گر کر جاں بحق ہونا انتہائی افسوس ناک ہے اور حکومتی اداروں کی نااہلی پر ایک سوالیہ نشان۔ سی ڈی اے اس دردناک واقع کا ذمہ دار ہے۔ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی شعبہ خواتین کی ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے 12 جولائی بدھ کے دن اسلام آباد آئی ٹین فور میں ہونے والے افسوس ناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے بھاری فنڈز وصول کرتا ہے لیکن اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی اتنی ارزاں ہوچکی ہے کہ گٹر میں گر کر باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔نصرت ناہید نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی اور تعمیراتی کاموں میں جہاں بھی انسانی جانوں کا ضیاع اب تک ہوا ہے اس پر ذمہ دار افراد پر مقدمہ چلایا جائے جن افراد کی نااہلی کے باعث گٹر کھلے رہتے ہیں اور سیکیورٹی انتظامات متاثر ہیں انھیں گھروں کو بھیجا جائے تاکہ نئے افراد ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دیں۔