شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی کے سٹی صدر میاں افضال حیدر کے آفس میں بانی پی ٹی آئی کی عدت کیس میں بریت اور سپریم کورٹ کی طرف سے مخصوص نشستوں کی بحالی کے فیصلہ پر مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجودتھی جنہوں نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عدلیہ کے حالیہ فیصلوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ میاں افضال حیدرکا کہنا تھا قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے ان کے فیصلوں سے اب ایک روشن خوشحال اور خودار پاکستان وجود میں آرہاہے مخصوص نشستوں کی بحالی کے فیصلہ کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت حق سچ کی فتح اور ہمارے اصولی موقف کی تائید ہے، پوری پاکستانی قوم آگاہ ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف قائم کئے گئے مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں جن کا مقصد انہیں عوام سے دور رکھنا اورسیاسی و جمہوری جدوجہد سے روکنا ہے۔