گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو باور کروایا ہے کہ اگر فارورڈنگ ایجنسیوں کے تحفظات دور نہ کئے تو 25جولائی کو پنجاب بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کرکے مکمل ہڑتال کی جائے گی جبکہ ملک بھر میں گڈز اڈوں پر مال برداری کی ترسیل و بکنگ بند ہو گی ان خیالات کا اظہار پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن لاہور کے صدر نبیل محمود طارق،گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ چیئرمین حاجی چوہدری عبدالقیوم و دیگر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر پنجاب بھر سے گڈز ٹرانسپورٹرز کے قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کا ٹیکس دینے کے باوجود حکومت گڈز ٹرانسپورٹرز کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے ملک بھر میں ایکسل ویٹ کا یکساں نظام لایا جائے ،بلاجواز چالانوں کا سلسلہ بند، موٹر وے پولیس کو پابند کیا جائے کہ مال بردار گاڑیوں کا بغیر وائیلیشن چالان نہ کیا جائے ۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت ٹول ٹیکس میں حالیہ اضافہ واپس لے۔ کسٹم حکام کی جانب سے ناجائز چیکنگ کو روکا جائے جبکہ باڈی مینو فیکچرنگ کا قانون بنا کر ہر شہر کے ایگزٹ پوائنٹ پر کانٹے لگائے جائیں ۔اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 25جولائی کو پنجاب بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ پہیہ جام ہڑتال کریں گے بعدازاں ہڑتال کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا جائے گا جسکی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔
تحفظات دور نہ کئے تو 25جولائی کو ہڑتا ل کریں گے: گڈز ٹرانسپورٹرز
Jul 15, 2024