قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ ‘ ڈیپارٹمنس کا کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے سے انکار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)رواں ماہ مختلف شہروں میں بیک وقت شروع ہونے والی قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کی اہم کھلاڑیوں کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ ایونٹ کو کلبز تک محدود کر دیا گیا جبکہ ڈیپارٹمنٹس نے اپنی کھلاڑیوں کو کلبز کیلئے ریلیز کرنے سے انکار کردیا ہے۔21 جولائی سے شروع ہونیوالے ایونٹ کیلئے پی ایف ایف نے ڈیپارٹمنٹس کو نہیں بلایا، قومی چیمپئن شپ میں صرف کلبز کو دعوت دی ہے تاہم پاکستان قومی ٹیم کی اکثر پلیئرز مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ وابستہ ہیں اور ڈیپارٹمنٹس نے کھلاڑیوں کو کلبز سے کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کو کلبز کی نمائندگی کیلئے ڈیپارٹمنٹس کی باضابطہ اجازت درکار ہوگی تاہم واپڈا، آرمی اور ایچ ای سی اپنے کلبز کو ریلیز کرنے کو تیار نہیں۔ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹس نے بغیر این او سی کھیلنے پر پلیئرز کو انضباطی کارروائی کی وارننگ دی ہے۔پاکستان ویمن ٹیم کی ملیکہ نور، نشاء اشرف، علیزہ صابر، رامن فرید آرمی کی پلیئرز ہیں۔انمول حرا ایچ ای سی جبکہ عالیہ صابر، صنوبر اور فاطمہ انصاری واپڈا سے کھیلتی ہیں، مختلف کلبز نے ڈیپارٹمنٹ کی ان کھلاڑیوں کو اپنی فہرست میں شامل کیا ہے تاہم ڈیپارٹمنٹس نے باضابطہ اجازت نہ دی تو اہم پلیئرز کی چیمپئن شپ میں شرکت مشکل ہوجائیگی۔

ای پیپر دی نیشن