لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا ہے کہ ویمن ایشیا کپ میں پہلا میچ ہی بھارت سے کھیلنا ہے جس کیلئے کافی جوش ہے کیونکہ اس میچ میں کسی کو اٹھانا اور جگانا نہیں پڑتا۔ بھارت کو پہلے بھی ہرایا ہے اس بار بھی جیت کر ایشیا کپ کا آغاز شاندار انداز سے کرنا چاہیں گے۔ گذشتہ ایشیا کپ کا سیمی فائنل کھیلے تھے لیکن کامیابی نہیں ملی تھی، اس بار کافی تیاری کی ہے سیمی فائنل اور فائنل جیتنے کی امیدیں نظر آرہی ہیں ، میری کپتانی میں سیریز میں تو بہت کامیابیاں حاصل کیں لیکن کوئی ٹرافی نہیں اٹھائی۔وہ چاہتی ہیں کہ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے ، ایشیا کپ سری لنکا میں ہے اور ورلڈ کپ بھی بنگلہ دیش میں ہوگا دونوں بڑے ایونٹ ایشین کنڈیشنز میں ہیں اور ہمیں ایشین کنڈیشنز میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ ہے۔ ایشیا کپ سے ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ملے گا۔ پاکستان ویمن ٹیم میں پہلی بار تسمیہ رباب لفٹ آرم فاسٹ بائولر آئی ہیں، ان کی شمولیت سے یقینی طور پر ٹیم کو فائدہ ہوگا ۔