لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کر رہی ہے۔شہرکے امن،مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پرفوکس ہے۔محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شہر کے داخلی وخارجی ناکوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں و اشخاص کی چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈولفن و پیرو کی ٹیمیں شہر کی اہم شاہراؤں موثر گشت کر رہی ہیں۔ محمد فیصل کامران نے کہا کہ ساتویں محرم کی مناسبت سے منعقدہ 77عزاداری جلوس و424مجالس کی سکیورٹی کیلئے6 ہزار سے زائد افسران وجوان تعینات کیے گئے ہیں۔ لاؤڈسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔محمد فیصل کامران نے سپر وائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ امن کمیٹی ممبران، منتظمین جلوس و مجالس کے ساتھ رابطے میں رہیں۔انہوں نے علماء کرام و ذاکرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات وتقاریر میں امن وسلامتی کا درس دیں۔ مجالس و جلوسوں کے منتظمین بھی وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔
شہر کے داخلی وخارجی ناکوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ ‘سخت چیکنگ
Jul 15, 2024