نواں‘دسواں محرم ‘ 46 جلوسوں‘ 277 مجالس کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل 

Jul 15, 2024

لاہور(نامہ نگار)ٹریفک پولیس لاہور نے نویں اوردسویں محرم الحرام کے موقع پر پر برآمد ہونے والے 46 جلوسوں اور 277 مجالس کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ایس پی سٹی منیر احمد ہاشمی،ایس پی صدر شہزاد خان اور ایس پی کینٹ سہیل فاضل کی نگرانی میں 12 سرکل افسران، 5 سو سے زائد سینئر وارڈنز، 22 سو سے زائد وارڈنز، فرائض سرانجام دینگے۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقعہ پر شہریوں، زائرین اور شرکاء ذوالجناح پروسیشنز کیلئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں۔نثار حویلی سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو مختلف قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہوگا جبکہ دوسرا بڑا جلوس پانڈوسٹریٹ سے خیمہ سادات اور پھر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا،تیسرا بڑا جلوس شادمان سے برامد ہوگا، لال پل نبی پور شیعاں، ماڈلٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ذوالجناح برآمد ہوں گے، عمارہ اطہر کا کہنا تھاکہ ٹریفک پلان کے مطابق کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجینسی گاڑیوں کیلئے فوری راستہ کلئیر رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں