لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے ساتویں روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں۔عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کر سر انجام دئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ساتویں محرم کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں 3803 مجالس منعقد اور 1375 عزاداری جلوس برآمد ہوئے۔جن کے سکیورٹی پر 56 ہزار 800 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے سر انجام دئیے۔ تمام اضلاع میں منعقدہ 3803 مجالس کی سکیورٹی پر 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے جبکہ 1375 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 31 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے۔ صوبائی دارالحکومت میں آج 98 جلوس برآمد، 424 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ 45 اے کیٹیگری مجالس شامل تھیں۔ لاہور میں 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے ساتویں محرم کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے ، ٹریفک پولیس، سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ اور والنٹئیرز نے بھی مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی میں معاونت فراہم کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو محرم سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس انتہائی الرٹ رہے، مجالس، جلوسوں اور عزاداروں کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے، کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
پولیس انتہائی الرٹ ‘مجالس ‘جلوسوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: آئی جی پنجاب
Jul 15, 2024