لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہواجس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے متعارف کروائے گئے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور پولیس کے مختلف ونگز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو کی پرفارمنس انڈیکیٹرزپر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران سائلین کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں۔ 15کالزپر ایف آئی آر کا بروقت اندراج،میرٹ پر تفتیش اور مظلوم کو انصاف یقینی بنایاجائے۔ پرفارمنس انڈیکیٹرزکے تحت کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس ہے۔ سنگین جرائم کی صورت میں سپروائزری افسران خود وقوعے کا دورہ کریں۔ محکمہ پولیس کے تمام ونگز باہمی اشتراک سے کرائم کنٹرول میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے لاہور پولیس کوانٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔ خواتین اور بچوں کی شکایات کوترجیحی بنادوں پر نمٹایا جائے۔ ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنائی جائے۔