لاہور(خصوصی نامہ نگار ) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ محرم الحرام کی حرمت کاخیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔تمام مسالک کے نمائندے ضابط اخلاق کی پاسدار ی کریں۔ دنیا کے تمام مسلمان آپس میںبھائی بھائی ہیں اورایک جسم کی مانند ہیں۔ بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور باہمی اتحاد و اتفاق کی فضا کو برقرار رکھنا علماء و مشائخ کی قومی ذمہ داری ہے۔ اگر کسی جگہ مسئلہ درپیش ہو تو افہام و تفہیم کیساتھ حل کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نعیمین ایسی ایشن کے مرکزی صدرمفتی ندیم قمر حنفی،مفتی محمد عمران حنفی،مفتی محمدعارف حسین ،قاری محمدامین نعیمی ،مولانا محمدسلیم نعیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسلام اور پاکستان کے دشمن مذہبی فسادات انتشار پھیلاکربد امنی پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ اہل و طن سے اپیل ہے کہ قو می اتحاد سے اس مذموم سا زش کو خاک میں ملاد یں۔ کربلا کا واقعہ تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے جو اس بات کا درس دیتا ہے کہ اسلام دشمن اور طاغوتی طاقتوں کے آگے کبھی سر تسلیم خم نہیں کرنا چاہیے۔اسلام ایک مکمل دین ہے جو مسلمانوں میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے قائم کرنے پر زور دیتا ہے۔