لاہور (خصوصی نامہ نگار)ملک میں معاشی بحران کے ساتھ سیاسی بحران بھی تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ان حالات میں تمام قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور یقینی طور پر اس صورتحال سے کوئی فرد واحد یا جماعت تنہانمٹ نہیں سکتی۔ ان حالات کی بہتری کیلئے معاشرے کے تمام طبقات اور جماعتوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ باتیں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے لاہور، راولپنڈی، دھیر کوٹ، باغ، موھرہ بھاڑہ،کوھالہ، سرگودھا میں اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر مولانا امتیاز عباسی، مولانا اعجاز سلیم، مفتی مسرت اقبال، مولاناحلیم الرحمن، مفتی شمس الحق، مولانا عبدالحق، تیمور احمد اور دیگر موجود تھے۔ ان اجتماعات سے بزرگ عالم دین حضرت مولا نا مفتی مسعود الرحمن مسعودی نے بھی خطاب فرمایا۔مولانا محمد امجد خان نے کہا عوام کی پریشانیاں مزید بڑھ رہی ہیں۔ غربت کے مارے آج اپنے کسی ملاح کی تلاش میں ہیں تاکہ وہ سکون کے ساتھ 2 وقت کی روٹی چٹنی کیساتھ کھا سکیں لیکن مہنگائی یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ اب چولہا جلانے کیلئے وسائل نہیں اور پھر ستم ضریفی یہ ہے بجلی، سوئی گیس پانی کے بلوں نے قوم کی مت مار کے رکھ دی ہے۔ ارباب اقتدار 2 سو یونٹ کی تسلی نہ دیں بلکہ وہ عوام کیلئے یونٹ کی ایک مختصر قیمت جو عوام کی دسترس میں ہومقرر کریں۔
معاشی،سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے تمام قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا:مولانا امجد
Jul 15, 2024