مقبوضہ غزہ (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) غزہ شہر میں شیخ رضوان محلے میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی‘ دوسرے واقعہ میں 14 شہید اور 4 بچے زخمی ہو گئے۔ حماس کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا ہے وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں قتل عام کرنے اور مذاکرات میں اس کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے غزہ تنازع پر ہونے والی جنگ بندی کے مذاکرات سے دستبردار نہیں ہوئے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ گروپ کے فوجی رہنما محمد دیف اسرائیل کی جانب سے جنوبی غزہ کے ایک کیمپ پر بم حملے کے بعد ٹھیک ہیں اور کام کر رہے ہیں۔ اسرائیل کے مطابق انہوں نے اس حملے میں حماس کے مطلوب کمانڈر کو نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک اور پناہ گزین سکول پر حملہ کر کے 14 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ کل سے اب تک مزید ڈیڑھ سو سے زیادہ فلسطینی شہید کر دیئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ المواصی کیمپ پر حملے میں حماس کمانڈر رافع سلامہ شہید ہوا۔ حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الشرق نے کہا اسرائیل نے حملے بڑھا کر ثالث کا کردار ادا کرنے والے عرب دوستوں اور امریکہ کی جنگ بندی کوششوں کو ڈیل ریل کرنے کی کوشش کی۔