اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔ انہیں رہائی کے ایک گھنٹے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا۔ وکیل علی اشفاق نے صنم جاوید کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ صنم جاوید کو ایک بار پھر اسلام آباد پولیس نے گرفتارکر لیا۔ اسلام آباد کی عدالت نے صنم جاوید کو ایف آئی اے کے مقدمے سے بری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بغیر مزاحمت صنم جاوید کو پولیس کے حوالے کیا۔ قانون کا احترام کرنے والوں کا یہی رویہ ہونا چاہیے جو ہم نے کیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صنم جاوید کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مقدمے سے بری کر دیا تھا۔ عدالت سے رہائی کے بعد وہ وکلاء کے ہمراہ روانہ ہوگئیں تھیں۔ خیال رہے کہ 10 مئی 2023ء کو گرفتار ہونے والی صنم جاوید کو 14 ماہ 4 دن قید رہنے کے بعد آزادی ملی تھی۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو سیشن کورٹ اسلام آباد پیش کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے صنم جاوید کے چھ روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ڈیوٹی جج ملک محمد عمران کی عدالت میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کر لی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہو گئی تھیں۔ 10 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کو گوجرانوالہ کے مقدمے سے ڈسچارج کر دیا تھا تاہم ایف آئی اے نے صنم جاوید کو گوجرانوالہ سینٹرل جیل سے ہی ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا تھا۔