پارٹی چھڑانے کیلئے ہمارے رہنماؤں کو اٹھایا دھمکایا جا رہا، سپریم کورٹ رہا کرائے، پی ٹی آئی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف متحد ہے اس میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں پارٹی چھڑانے کیلئے ہمارے ارکان اور رہنماؤں کو اٹھایا اور دھمکایا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ ہماری درخواست سنے اور بے گناہ گرفتار افراد کو رہا کرائے۔ بیرسٹر گوہر علی نے اسلام آباد میں عاطف خان، رؤف حسن اور شیخ وقاص کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن کے مطابق 39 ایم این ایز میں سے25 کے بیان حلفی الیکشن کمشن میں جمع کروادیئے، باقی ایم این ایزکے بیان حلفی آج جمع کرادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلیکے بعد صاحبزادہ امیرسلطان کواغوا کرلیا گیا، ایم این اے کولاپتا کرنے کی شدید مذمت کرتیہیں، ایم این اے فیاض چھجڑہ کے بھائی اوراس کے بیٹے کو بھی اُٹھا لیا گیا ہے۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پرسیاسی انتقام کی بنیاد پر 200 سے زائد کیسز بنائے گئے، ہم عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں،عدلیہ لوگوں کواٹھانے کا سلسلہ روکے، صنم جاوید کو آج رہائی کے بعد دوبارہ گرفتارکرلیا گیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ڈائریکشن پرہماری مخصوص سیٹوں کا مسئلہ حل کیا جائے، مخصوص نشستیں ملنے کے بعد تحریک انصاف لارجر پارٹی بن جائے گی۔ ریویو فائل کرنا ہرپارٹی کا حق ہے، گفتگو کے دوران انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ایک بار پھر تحریک انصاف کے رہنماؤں پر پارٹی چھوڑنے کا دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ رؤف حسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں مجرموں کی نشاہدہی کی گئی ، فراڈ الیکشن کرانے والوں پرآرٹیکل 6لگایا جائے ، شریف، زرداری ان کے حواری ملک کوتباہی کے دہانے پرلے گئے ہیں۔ان کی سوچ انسانوں والی نہیں گٹرکے کیڑوں والی ہے۔ رؤف حسن نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پر دو سال سے ظلم کا سلسلہ جاری ہے، ایم این اے کے بیٹے کی چیخوں کی آوازاس کی ماں کوسنائی جارہی ہے، کب تک جنگل کا قانون چلائیں گے، سپریم کورٹ ان سب کواپنی عدالت میں بلائے، سپریم کورٹ فراڈ الیکشن پرچیف الیکشن کمشنرکوسزا دے۔ رہنما تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل کرنے کے بجائے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مختلف اداروں سے ہمارے ایم این ایز کو فون آرہے ہیں، مسلم لیگ کی بدمعاشی نہیں چلے گی، مسلم لیگ کوتنبیہ کررہے ہیں ایسا وقت تم پربھی آئیگا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایم این اے امیر سلطان کو کل رات اغوا کیا گیا ہے۔  عدلیہ کے فیصلے کے بعد حکومت تصادم کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ جس کے پاس اختیار ہے وہ طاقت کے زور پر فیصلے کر رہا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میری سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ فارم 45 اور 47 کا فیصلہ جلد کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور سے کہوں گا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل کمشن میں جائیں۔  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر بیان میں کہا کہ پنجاب کے مختلف ڈویژنوں کے کمشنرز ہمارے اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی کو فون کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ انہیں شہباز شریف اور مریم نواز کی جانب سے وزارتوں اور دیگر لالچوں کی پیش کش کر رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کمشنرز کے نام اور ثبوت موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن